
راولپنڈی:محکمہ داخلہ پنجاب کے احکامات پر راولپنڈی ڈویژن میں محرم الحرام کی آمد سے قبل ہی قیام امن کے لئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ،پولیس اور انتظامیہ نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرنے کے لئے مختلف ٹیموں کے ذریعے کام شروع کردیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے احکامات پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی سربراہی میں تمام ڈپٹی کمشنرز فوری طور پر ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کا اجلاس طلب کریں گے، تمام حساس مقامات کے لئے ہنگامی پلان تیار کیا جائے گا،اشتعال انگیزی،مقررین کی زبان بندی کے لئے تازہ فہرست تیار کی جائے گی اور اس حوالے سے تمام معلومات پانچ یوم میں متعلقہ محکموں کو ارسال کی جائے گی۔
ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا کی سربراہی میں راولپنڈی ریجن میں پولیس افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی جبکہ پولیس کے ساتھ فوج اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گی تاہم جن شہروں میں پولیس نفری ضرورت ہوگی وہاں آئی جی پنجاب سے مطلوبہ نفری طلب کی جائے گی اور حساس مقامات پر موبائل سروس بھی بند رہے گی ۔
راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ کے سکیورٹی پلان کے تحت محرم الحرام میں منعقد ہونے والے جلوس کے راستوں پر بجلی کی لٹکتی تاروں کو بھی سمیٹا جائے گا تاکہ جلوس کے شرکا کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ داخلہ کے حکم پر پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں کے اجلاسوں کاسلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے اور یکم سے 10 محرم الحرام تک تمام مکاتب فکر کی تقریبات کے لئے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے تمام مسالک کی محفل و مجالس کے لئے الگ الگ سکیورٹی پلان ترتیب دے رہے ہیں ۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی،تخریب کاری ،فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لئے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشنز کا بھی آغاز کردیا ہے جبکہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔
DATE . June/17/2025