ایئر انڈیا بحران کا شکار، انتظامی غفلت اور تکنیکی ناکامیاں منظرِ عام پر

News Image

نئی دہلی : بین الاقوامی سطح پر وسعت کے دعوے کرنے والی ایئر انڈیا شدید انتظامی بحران سے دوچار ہے۔ حالیہ دنوں میں پروازوں کی منسوخی، طیاروں میں فنی خرابیاں اور آپریشنل مسائل نے نہ صرف کمپنی کی ساکھ کو متاثر کیا ہے بلکہ مسافروں کو شدید پریشانی میں بھی مبتلا کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق، “مرمت اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر ایئر انڈیا کی کئی بین الاقوامی اور داخلی پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔” متاثرہ پروازوں میں دبئی سے چنئی، دہلی سے میلبورن اور دبئی سے حیدرآباد کے ساتھ ساتھ احمد آباد، پونے، چنئی اور حیدرآباد سے دہلی اور ممبئی کی پروازیں شامل ہیں۔

اکنامک ٹائمز کے مطابق، گزشتہ روز تین بین الاقوامی پروازیں تکنیکی خرابیوں کے باعث منسوخ کی گئیں، جبکہ مسافروں کو فلائٹ کی منسوخی کی اطلاع آخری لمحات میں دی گئی، جس سے ان کے سفر کے تمام شیڈول متاثر ہوئے۔

ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا کی ناقص منصوبہ بندی اور سست ردعمل نے اس بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد جب دیگر ایئر لائنز نے متبادل فضائی راستوں کو مؤثر انداز میں اختیار کیا، ایئر انڈیا کی انتظامی خامیاں اس کے مقابلے میں نمایاں ہو کر سامنے آئیں۔

بوئنگ 787 کے حالیہ واقعے کے بعد جب 7 طیارے گراؤنڈ کیے گئے، تو سوال یہ اٹھا کہ اگر سب کچھ درست تھا تو اچانک ان جہازوں کے معائنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ یہ سب کچھ ایئر انڈیا کے اندرونی نظام میں موجود دیرینہ مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب تک ایئر انڈیا اپنے انتظامی ڈھانچے اور فنی شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کرتی، اس کی بین الاقوامی ساکھ مزید متاثر ہوتی جائے گی۔

DATE . June/21/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top