خلیجی ممالک کے ویزوں کے اجرا میں مشکلات، پاکستانی برآمدکنندگان متاثر۔ میاں ابوذر شاد

News Image

لاہور: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور کے صدر میاں ابوذر شاد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خلیجی ممالک کی جانب سے کاروباری اور لیبر ویزوں کے اجرا میں درپیش رکاوٹوں کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ویزوں میں تاخیر پاکستان کی تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کو متاثر کر رہی ہیں، جس کے باعث ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو ان منڈیوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ان ممالک سے ویزا نہ ملنے کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

میاں ابوذر شاد نے زور دیا کہ وفاقی حکومت اعلیٰ سطح پر متعلقہ خلیجی ممالک سے بات چیت کرے تاکہ ویزا مسائل کو فوری حل کیا جا سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایک سینئر وزیر کی سربراہی میں حکومتی وفد ان ممالک کا دورہ کرے تاکہ ویزا پالیسیوں میں نرمی کے لیے براہ راست مذاکرات کیے جا سکیں۔

انہوں نے ان ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی و اقتصادی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ویزا پالیسیوں پر نظرِ ثانی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منڈیوں سے پاکستان کی ترسیلات زر اور برآمدات وابستہ ہیں، اور ویزا رکاوٹیں نہ صرف پاکستان بلکہ ان خلیجی ممالک کی معیشت پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ مسائل فوری طور پر حل نہ ہوئے تو پاکستان کو تجارتی، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی برآمد جیسے اہم مواقع سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے کاروبار بری طرح متاثر ہوں گے۔ آخر میں، میاں ابوذر شاد نے وزارتِ خارجہ اور وزارتِ تجارت سے مطالبہ کیا کہ وہ باہمی ہم آہنگی کے ساتھ ایک مربوط خارجہ پالیسی تشکیل دیں تاکہ ان سفارتی رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے-

DATE . June/22/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top