پاکستان ٹیلی وژن کی معروف سینئر فنکارہ عائشہ خان کراچی میں انتقال کر گئیں

News Image

کراچی :پاکستان ٹیلی وژن کی ممتاز اور سینئر اداکارہ “عائشہ خان”کراچی میں انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 76 برس تھی۔
عائشہ خان نے 22 اگست 1948 کو کراچی میں جنم لیا۔ 1964 میں انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور پی ٹی وی کے متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔
ان کے نمایاں ڈراموں میں افسانہ، عروسہ، فیملی 93، آخری چٹان، کبھی کبھی پیار میں، افشاں، آنچ، پانچواں موسم، بندھن، شام سے پہلے، مہندی، ایک اور آسمان، بدلتے موسم، اور ایک قدم پر منزل شامل ہیں۔
عائشہ خان کا فنی سفر کئی دہائیوں پر محیط رہا۔ وہ ان اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں جنہوں نے پاکستانی ٹیلی وژن کے ابتدائی دورمیں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے عورتوں کے مسائل اور سماجی موضوعات پر مبنی ڈراموں میں پُراثر کردار نبھائے اور ان کی اداکاری کو ہمیشہ ناظرین اور ناقدین نے سراہا۔
عائشہ خان کو پی ٹی وی کے سنہری دور کی علامت تصور کیا جاتا تھا۔ انہوں نے نہ صرف سرکاری ٹی وی بلکہ نجی چینلزاور فلموں میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا۔
ان کے انتقال کی خبر نے شوبز انڈسٹری کو افسردہ کر دیا۔ فنکار برادری سمیت ان کے لاکھوں مداح اس وقت سوگوار ہیں۔ ان کی فنکارانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ عائشہ خان، نامور اداکارہ مرحومہ خالدہ ریاست کی بہن تھیں۔

DATE . June/22/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top