وزیراعظم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات،جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پرتبادلہ خیال

News Image

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر محترمہ جین میریٹ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیراعظم کیئر سٹارمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ رواں سال کے آخر میں برطانوی قیادت کے ساتھ اپنی مجوزہ ملاقات کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے برطانوی حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش سفری مشکلات کم ہوں گی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس پیش رفت میں برطانوی ہائی کمشنر کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حالیہ تجارتی مذاکرات دونوں فریقین کے لیے باہمی فائدے کا باعث بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران برطانیہ کے ساتھ قریبی سفارتی تعاون کر رہا ہے۔

ملاقات میں جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورۂ لندن کے بارے میں آگاہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورت کی۔جین میریٹ نے وزیراعظم کی قیادت میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران حکومت کی مثبت معاشی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہم میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری خوش آئند ہے۔

ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کو برطانیہ کے نکتہ نظر سے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

DATE . July/24/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top