- امنگ پوددار
- عہدہ,صحافی بی بی سی
اگر آپ یہ مضمون پڑھ رہے ہیں تو عین ممکن ہے کہ آپ نے ویکیپیڈیا کے بارے میں سُن رکھا ہوگا یا اس کی معلومات کو استعمال کیا ہوگا۔
بہت سے لوگوں کے لیے عام سی بات سے لے کر سنجیدہ اور دقیق موضوعات کے بارے میں جاننے کے لیے ویکیپیڈیا پہلی جگہ ہے۔
لیکن پچھلے کچھ دنوں سے ویکیپیڈیا دہلی ہائی کورٹ میں دائر ایک مقدمے کی وجہ سے خبروں میں ہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی ایشین نیوز انٹرنیشنل یا اے این آئی نے ویکیپیڈیا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہوا ہے۔
اے این آئی کے حوالے سے ویکیپیڈیا میں کہا گیا ہے کہ یہ نیوز ایجنسی غلط معلومات کی اطلاع دیتی ہے لیکن اے این آئی نے اس کی تردید کی ہے۔
ان سب کے درمیان ویکیپیڈیا کے متعلق چند سوال عام طور پر لوگوں کے ذہن میں پیدا ہوتا ہے کہ ویکیپیڈیا کیسے کام کرتا ہے؟ ان کے لیے مضامین کون لکھتا ہے؟ اسے کون چلاتا ہے؟ وغیرہ وغیرہ۔
ویکیپیڈیا کیا ہے؟
ویکیپیڈیا سنہ 2001 سے دنیا بھر میں ایک مفت اوپن سورس کے طور پر متعارف ہے، جسے آپ آن لائن انسائیکلوپیڈیا بھی کہہ سکتے ہیں۔
اس آن لائن ویب سائٹ کو غیر منافع بخش تنظیم ویکیمیڈیا فاؤنڈیشن چلاتی ہے۔ اے این آئی نے ویکیمیڈیا فاؤنڈیشن کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
یہ دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ اس میں فی الحال چھ کروڑ سے زیادہ مضامین ہیں اور ہر ماہ اس کے 10 ارب سے زیادہ صفحات دیکھے جاتے ہیں۔
یعنی اس کے دس ارب ویوز ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کیا کوئی بھی شخص ویکیپیڈیا میں لکھ سکتا ہے؟
اس کا جواب ہاں ہے۔ ہر کسی کو ویکیپیڈیا میں نیا اندراج شامل کرنے یا موجودہ اندراج میں کچھ شامل کرنے یا تبدیل کرنے کی اجازت ہے۔ تو یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو ایک یا چند لوگوں کے کنٹرول میں نہیں ہے۔
اس وقت تقریباً تین لاکھ رضاکار ہیں جو ویکیپیڈیا کے لیے مضامین لکھتے ہیں اور اس پر موجود مواد کی صداقت کو جانچتے ہیں۔
کوئی بھی ایسا کر سکتا ہے اور انھیں ویب سائٹ پر کام کے لحاظ سے مختلف کردار دیے جاتے ہیں۔
ویکیمیڈیا فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ یہ لوگ جو چاہتے ہیں وہ کرتے ہیں اور اس کا انھیں معاوضہ نہیں ملتا۔
یہ رضاکار اپنی شناخت خفیہ رکھ سکتے ہیں۔ ویکیمیڈیا فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ کسی صفحے پر کیا لکھا جا رہا ہے اس پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی اس پر کچھ بھی لکھ سکتا ہے۔
ویب سائٹ پر کیا پرنٹ کیا جا سکتا ہے اس بارے میں پالیسیاں اور رہنما خطوط ہیں۔
جیسا کہ ویکیپیڈیا پر کوئی نئی معلومات نہیں لکھی جا سکتی جو آج تک کہیں شائع نہ ہوئی ہو۔
صرف وہی لکھا جا سکتا ہے، جس میں قابل اعتماد مطبوعہ ذریعہ یا ماخذ دیا جا سکے۔
شائع شدہ مواد کو ایڈیٹرز، ایڈمنسٹریٹرز اور کمپیوٹر بوٹس کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا ہے اور حقائق کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ سینیئر ایڈیٹرز کسی مضمون یا اس کے کچھ حصے میں ترمیم کر سکتے ہیں یا اسے ہٹا سکتے ہیں۔
جب کسی مضمون یا ترمیم پر تنازع ہوتا ہے تو رضاکار اپنا موقف پیش کرتے ہیں، بات چیت کرتے ہیں اور باہمی اتفاق کے بعد اسے شائع کیا جاتا ہے۔
یہ بحث وکی پیڈیا کے صفحہ پر ہر کسی کو دیکھنے کے لیے بھی دستیاب ہے۔ اگر کسی مضمون پر اختلاف ہو تو اسے حل کرنے کے لیے مختلف طریقہ کار موجود ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images