
بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ویب سیریز The Ba***ds of Bollywood نے ریلیز کے ساتھ سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی لیکن اس سیریز پر تنازع بھی کھڑا ہوگیا اور انڈسٹری کے بڑے ناموں پر مقدمے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
گزشتہ دنوں نیٹ فلکس پر ویب سیریز The Ba***ds of Bollywood ریلیز کی گئی۔ 7 اقساط پر مبنی یہ شو شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے خود لکھا اور اس کی ہدایتکاری بھی کی۔یہ سیریز شاہ رخ کی اہلیہ اور آریان کی والدہ گوری خان نے پروڈیوس کی ہے۔
اس سیریز کو کافی پسند کیا جارہا ہے۔ ناقدین اور ناظرین دونوں کی جانب سے زیادہ تر مثبت ریویوز ملے ہیں لیکن ساتھ ہی ایک تنازع بھی کھڑا ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سیریز میں کئی مشہور بالی وڈ اداکاروں نے گیسٹ اپیئرنسز دیں، جن میں رنبیر کپور بھی شامل ہیں۔
تاہم ایک سین میں رنبیر کو الیکٹرانک سگریٹ (Vape) پیتے دکھایا گیا ہے، جس پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن نے ممبئی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رنبیر کپور، شو کے پروڈیوسرز اور نیٹ فلکس کے خلاف مقدمہ درج کرے۔
شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ شو میں ای سگریٹ کا استعمال بغیر کسی وارننگ یا ڈسکلیمر کے دکھایا گیا ہے، جو نوجوانوں پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ اس پر ہیومن رائٹس کمیشن نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سیکرٹری کو بھی خط لکھ کر ایسے مواد پر پابندی لگانے کے لیے مناسب کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
مزید یہ کہ کمیشن نے ممبئی پولیس کمشنر کو بھی خط لکھا ہے کہ Prohibition of Electric Cigarettes Act 2019 کی خلاف ورزی پر رنبیر کپور، پروڈیوسرز اور نیٹ فلکس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
آریان خان کے اس شو میں رنبیر کپور کے علاوہ رنویر سنگھ، شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان ، عمران ہاشمی، ارشد وارثی، دیشا پٹانی، ارجن کپور، راج کمار راؤ اور دیگر اداکاروں نے بھی مختصر کردار ادا کیے۔
واضح رہے کہ اس سیریز میں اداکار لکشیا، بوبی دیول، راگھو جویا ، مونا سنگھ، ساحر بمبا اور آنیا سنگھ نے مرکزی کردار نبھائیں ہیں۔
DATE . Sep/24/2025


