ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں آج پاکستان اور بھارت آمنے سامنے

دبئی: وقت آ گیا ہے ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے کا، جہاں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس ہائی وولٹیج ٹاکرے کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا، جسے پی ٹی وی اسپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ وہ ایشیا کپ جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ ان کے مطابق فائنل میں دونوں ٹیموں پر ایک جیسا دباؤ ہوگا اور ٹیم کا انتخاب پچ کی صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کا جوش و خروش اپنے عروج پر ہے، اور ملک بھر میں میچ دیکھنے کے لیے خصوصی اسکرینز اور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے۔دبئی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک پانچ ٹی ٹوئنٹی مقابلے ہو چکے ہیں جن میں بھارت نے تین اور پاکستان نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 24 اکتوبر 2021 کو اسی میدان میں پاکستان نے بھارت کو ٹی20 ورلڈکپ میں تاریخی شکست دی تھی، جب بابراعظم اور محمد رضوان کی ناقابلِ شکست اننگز کی بدولت پاکستان نے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔بعد ازاں 28 اگست 2022 کو بھارت نے ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی، تاہم 4 ستمبر 2022 کو سپر فور مرحلے میں گرین شرٹس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے بھارت کو پانچ وکٹوں سے ہرایا۔ حالیہ مقابلوں میں بھارت کو دو بار کامیابی حاصل ہوئی ، 14 ستمبر 2025 کو گروپ میچ میں سات وکٹوں سے، اور 21 ستمبر کو سپر فور مرحلے میں چھ وکٹوں سے۔آج کا فائنل دونوں ٹیموں کے درمیان ایک اور تاریخی مقابلہ بننے جا رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں ٹائٹل جیتنے کے پختہ عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ پاکستانی شائقین پُرامید ہیں کہ گرین شرٹس ایک بار پھر تاریخ رقم کریں گے۔ یہ صرف ایک میچ نہیں بلکہ قوم کے جذبوں کی جنگ ہے، جس میں ہر پاکستانی کی دھڑکن اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔

Date . Sep/28/ 2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top