ریلی میں بھگڈر، بھارتی اداکار وجے کا ہلاک افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ بھارتی روپے دینے کا اعلان

ریلی میں بھگڈر، بھارتی اداکار وجے کا ہلاک افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ بھارتی روپے دینے کا اعلان
پیاروں کا نقصان ناقابل تلافی ہے، یہ امداد ‘ناقابل تلافی نقصان’ کا معاوضہ نہیں بلکہ یکجہتی کی علامت ہے: تھلاپتی وجے— فوٹو:فائل 

معروف بھارتی اداکار اور تامیلاگا ویٹری کازگام (ٹی وی کے) کے سربراہ جوزف وجے چندرا شیکھر المعروف تھلاپتی وجے نے پارٹی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کیلئے 20 لاکھ بھارتی امداد کا اعلان کردیا۔

گزشتہ روز بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کرور میں ریلی نکالی گئی تھی، وجے کی ریلی میں عوام کی بڑی تعداد پہنچی جس پر جگہ کی کمی کے باعث بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک ہوگئے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ریلی میں 30 ہزار افراد کی آمد کی امید تھی لیکن ریلی میں تقریباً 60 ہزار افراد شریک ہوئے تھے۔ 

اداکار تھلاپتی وجے نے واقعے میں ہلاک اور زخمیوں کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ کرور میں جو کچھ ہوا سوچ کر میرا دل اور دماغ گہرے بوجھ سے ڈوب گیا، اس واقعے پر اپنے دل کے درد کو بیان کرنے کے لیے الفاظ سے محروم ہوں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہلاک افراد کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ بھارتی روپے  اور زخمیوں کو دو دو لاکھ بھارتی روپے دیے جائیں گے۔ 

وجے کا کہنا تھاکہ پیاروں کا نقصان ناقابل تلافی ہے، یہ امداد ‘ناقابل تلافی نقصان’ کا معاوضہ نہیں بلکہ یکجہتی کی علامت ہے، خاندان کے ایک فرد کے طور پر رقم دینے کا وعدہ کرتا ہوں۔

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ہلاک افراد کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ ہلاک افراد کے لواحقین کو دو دو لاکھ بھارتی روپے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار بھارتی روپے دیے جائیں گے۔

اُدھر تھلاپتی وجے کی پارٹی نے ریلی میں بھگدڑ کے معاملے پر مدراس ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے اور سازش کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

DATE . Sep/29/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top