بیجنگ ()
چینیوں کے لیے یکم اکتوبر کا قومی دن سال کا ایک اہم وقت ہے، جب چینی لوگ عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی سالگرہ مناتے ہیں، تاریخ کو یاد کرتے ہیں اور مستقبل کی جانب دیکھتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ، چینیوں کے قومی دن منانے کے طریقے بدلتے رہے ہیں، لیکن ان میں پنہاں خاندان اور ملک کے لئے جذبات ہمیشہ یکساں رہے ہیں۔
عوامی جمہوریہ چین قائم ہونے کے ابتدائی دور میں، قومی دن کی تقریبات پروقار مگر نسبتاً سادہ ہوا کرتی تھیں۔ 1950 سے 1959 تک، ہر سال بڑے پیمانے پر جشن اور پریڈ کا انعقاد ہوتا تھا، جس میں ملک کی فوجی طاقت اور تعمیری کامیابیوں کا مظاہرہ کیا جاتا تھا۔ 1960 سے 1970 تک، تھیان آن من اسکوائر پر بڑے پیمانے پر اجتماعات اور عوامی مارچ کا انعقاد کیا جانے لگا۔ 1971 سے 1983 تک، بیجنگ اور دیگر اہم شہروں میں بڑے پیمانے پر گارڈن پارٹیوں اور دیگر تقریبات کے ذریعے قومی دن منایا جانے لگا۔ میرے بچپن کی یادوں میں، ہر قومی دن کے موقع پر مرکزی سڑکیں پھولوں اور جھنڈیوں سے سجائی جاتی تھیں اور قومی دن پر لوگ نئے کپڑے پہن کر پارکوں میں جمع ہوتے، ثقافتی پروگرام دیکھتے، باغات میں گھومتے اور پھولوں سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ 1984 میں قومی دن کی 35ویں سالگرہ سے شروع ہو کر، ہر چند سال بعد شاندار فوجی پریڈ اور عوامی جشن کے مارچ منعقد کیے جانے لگے، جن میں دنیا کے سامنے چین کی ترقی اور پیشرفت کا مظاہرہ کیا جاتا تھا۔ آج کل، قومی دن منانے کے طریقے زیادہ متنوع ہو گئے ہیں۔ تھیان آن من اسکوائر پر پرچم کشائی کی تقریب اب بھی پورے ملک کی توجہ کا مرکز ہوتی ہے۔ ہر سال قومی دن کے موقع پر ، ملک بھر سے لوگ اسکوائر کے ارد گرد جمع ہو کر اس پر وقار لمحے کا انتظار کرتے ہیں۔ جب پانچ ستاروں والا پرچم قومی ترانے کے ساتھ بلند ہوتا ہے تو لوگوں کے دلوں میں وطن کی محبت کے جذبات ابھرتے ہیں۔ قومی دن کے موقع پر منعقد ہونے والی قومی تمغوں اور اعزازات کی تقریب ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے ملک کے لیے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں، اور ان کی کہانیاں دوسروں کو محنت کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
چینی عوام کے لیے قومی دن خاندان سے ملنے کا وقت بھی ہے۔ لوگ چھٹیوں میں اپنے آبائی علاقوں میں واپس آتے ہیں، اور اپنے عزیزوں اور دوستوں کے ساتھ خوشیاں بانٹتے ہیں۔ عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے ساتھ، سیاحت بھی قومی دن کے دوران جشن منانے کا ایک اہم ذریعہ بن گئی ہے۔ آج کل، زیادہ سے زیادہ لوگ قومی دن کی چھٹیوں میں سیر سپاٹے اور گھومنے پھرنے کے لیے نکلتے ہیں، وطن کے خوبصورت مناظر دیکھتے ہیں، دنیا بھر کا سفر کرتے ہیں اور مختلف خطوں کی ثقافتوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ خاص طور پر، سرخ سیاحت (ریڈ ٹورزم) نے حالیہ برسوں میں کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔ لوگ انقلابی مقامات کا دورہ کرتے ہیں، سرخ تھیم پر مبنی نمائشوں میں شرکت کرکے انقلابی ورثے کو یاد کرتے ہیں اور اپنے خاندان اور ملک کے لئے جذبات کو مضبوط کرتے ہیں۔
قومی دن کے دوران، چینی عوام میں خاندان اور ملک کے جذبات کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ بزرگ نسل نے ملک کے مشکل دور کا سامنا کیا تھا، اور وہ قومی دن کو تاریخ کے احترام اور مستقبل کی امید کے طور پر دیکھتے ہیں۔ وہ ماضی کی کہانیاں سناتے ہوئے اپنے جذبات اگلی نسل تک منتقل کرتے ہیں۔ نوجوان نسل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر “قومی دن کا جوش” شیئر کرتی ہے—پرچم والے کپڑے پہنتی ہے، شہر میں لگائے گئے قومی دن کے تھیم والے ڈیزائنز کی تصاویر لیتی ہے، اور سڑکوں پر سرخ نظاروں کو کیمرے میں قید کرتی ہے۔ نوجوان “قومی دن کی سماجی خدمات” میں حصہ لیتے ہیں—کمیونٹی سینٹرز میں بزرگوں کی خدمت کرتے ہیں، رضاکارانہ ماحولیاتی سرگرمیوں میں شامل ہوتے ہیں، اور ” وطن کی محبت” کے جذبے کو عملی اقدامات کے ذریعے ظاہر کرتے ہیں۔ بیرون ملک مقیم چینی طلباء انفرادی طور پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کرتے ہیں، تاکہ پانچ ستاروں والا پرچم غیر ملکی زمین پر بھی لہرائے۔ خواہ بزرگ ہوں یا نوجوان، سبھی جانتے ہیں کہ ملک کی خوشحالی اور ان کی ذاتی خوشی کا گہرا تعلق ہے، اس لیے وہ قومی دن کے اس خاص موقع پر اپنے اپنے طریقوں سے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
چینیوں کے لیے قومی دن وقار اور محبت سے بھرا تہوار ہے۔ یہ چین کی ترقی کی تاریخ کا گواہ ہے، اور خاندان اور ملک کے لئے چینی عوام کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ مختلف طریقوں سے جشن منا کر، چینی عوام نہ صرف وطن سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں، بلکہ قومی یکجہتی کو مضبوط کرتے ہیں اور چینی عوام کو عظیم نشاۃ ثانیہ کے سفر پر گامزن رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
DATE . Sep/30/2025