
بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے بچپن میں اسکول سے نکالے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں سلمان خان عامر خان کے ہمراہ ٹاک شو‘ ٹو مَچ وِد کاجول اینڈ ٹوئنکل کھنہ‘ کے پہلے مہمان بنے، جس دوران سلمان اور عامر نے اپنی نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر بھی کھل کر بات کی۔
چوتھی کلاس میں اسکول سے نکال دیا گیا تھا: سلمان خان
دوران شو سلمان خان نے انکشاف کیا کہ میں اور عامر خان ایک ساتھ ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے لیکن اس وقت ہم ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے، اس وقت میں چوتھی کلاس میں تھا لیکن پھر مجھے اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔
دوران شو سلمان خان نے بتایا کہ ’ایک مرتبہ میں اسکول میں اپنے دوست کے ساتھ اچھل کود کر رہا تھا، جس دوران میرا دوست میرے پاؤں سے پھسل کر گرگیا اور اس کا دانت ٹوٹ گیا، اسکول انتظامیہ نے ا س حادثے کو میری جان بوجھ کر کی گئی غلطی قرار دیا اور یوں میں مشکل میں پھنس گیا‘۔

دوسری جانب سلمان خان نے مزید بتایا کہ چوتھی کلاس میں ٹیچر نے مجھے کلاس سے باہر کھڑا رکھ کر سزا دی جس پر میرے والد (سلیم خان) نے اسکول جاکر ٹیچر سے سوال کیا کہ’اب سلمان نے کیا کیا؟’جس پر ٹیچر نے والد کو کہا تھا کہ مسٹر خان یہ ان کی نہیں بلکہ آپ کی غلطی ہے کیوں کہ آپ نے فیس ادا نہیں کی، اس کے بعد والد نے بہت مشکل سے پیسے جمع کرکے فیس ادا کر دی لیکن 2 ہفتے بعد ایک بار پھر فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہی مجھے اسکول سے نکال دیا گیا‘۔

فیس نہ دینے پر مجھے بھی اسکول میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا تھا: عامر خان
دوسری جانب عامر خان نے بھی انکشاف کیا کہ ان کے والدین کو بھی ان کی فیس کی ادائیگی کے لیے مشکلات کا سامنا تھا۔
مسٹر پرفیکشنسٹ عامر نے بھی اسکول میں فیس کی عدم ادائیگی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ فیس نہ دینے پر مجھے بھی اسکول میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، میرا نام اسکول اسمبلی میں سب کے سامنے لیا جاتا تھا۔
DATE . Sep/30/2025