
ابوظہبی:وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ابو ظہبی میں “گلوبل ریل کانفرنس” سے خطاب اور وزرا کے پینل مذاکرے میں شرکت کی جبکہ یو اے ای کی اتحاد ریل کے سی ای او شادی ملک سے ملاقات کے علاوہ، عالمی نمائش کا بھی دورہ کیا۔
“گلوبل ریل کانفرنس” سے خطاب میں وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ معاشی ترقی و پائیدار اقتصادی خوشحالی میں جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کا مرکزی کردار اور اہمیت ہے۔ اسی وژن کے تحت وزیراعظم شہباز شریف پاکستان میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور ریل کے جدید نظام کی ترقی پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ ایم ایل ون اور ایم ایل تھری کی اپ گریڈیشن کے دو بڑے ریلوے کوریڈورز اسی وژن کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی ابوظہبی انٹرنیشنل نمائش مرکز میں 30 ستمبر سے 2 اکتوبر 2025 تک منعقدہ “گلوبل ریل کانفرنس اور نمائش” میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں جس میں دنیا بھر سے وزرائے ٹرانسپورٹ، پالیسی سازوں اور صنعتی رہنماء شریک ہیں۔ یو اے ای کے ریل کی ترقی کے ادارے اتحاد ریل کے زیرِ اہتمام اس کانفرنس کا مقصد ریل اور بنیادی ڈھانچے کے مستقبل کو تشکیل دینا ہے۔
کانفرنس کے موقع پر “پائیدار ترقی میں ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کا کردار” کے موضوع پر اعلیٰ سطحی وزارتی پینل مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ اور اقتصادی خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ سفر کی آسانی اور معیاری سڑکوں اور ریل رابط ترقی کے دروازے کھولتا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور علاقائی یکجہتی فروغ پاتی ہے۔
بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہاکہ موٹرویز کے وسیع نیٹ ورک کی تعمیر سے صوبوں کے درمیان رابطے بہتر بنائے گئے ہیں جس سے پاکستان میں مال برداری کی نقل و حرکت بھی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے کو جدید، موثر، قابل اعتماد اور ماحول دوست قومی ٹرانسپورٹ کی ریڑھ کی ہڈی میں تبدیل کرنے کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔
کانفرنس کے موقع پر بلال اظہر کیانی نے ریل اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے کلیدی بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ متعدد ملاقاتیں بھی کیں۔
DATE . Oct/2/2025


