
جنوبی وزیرستان:نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) نے جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ پر جدید بارڈر ٹرمینل کا تعمیراتی کام صرف 30 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا۔ یہ منصوبہ مقامی قبائل کے دیرینہ مطالبے پر مکمل کیا گیا اور اب یہ جدید سہولیات سے آراستہ اور فعال ہے۔
این ایل سی نے بنیادی انفراسٹرکچر کی عدم موجودگی اور شدید جغرافیائی مشکلات کے باوجود تعمیراتی عمل مقامی ہنر مندوں کے ذریعے کامیابی سے مکمل کیا۔ ٹرمینل میں کسٹمز، ایف آئی اے، پلانٹ پروٹیکشن، اور دیگر متعلقہ محکموں کے دفاتر و رہائشی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
انگور اڈہ بارڈر ٹرمینل کا قیام جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے ایک اہم معاشی سنگِ میل ہے۔ اس سے نہ صرف مقامی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ قبائلی اضلاع کی پیداوار کو مختصر اور آسان راستوں سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک تک برآمد کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
این ایل سی کے مطابق جدید انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل سسٹم سے آراستہ یہ ٹرمینل علاقائی تجارت، روزگار کے مواقع اور سماجی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔
DATE . Oct/4/2025