پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ حکمت عملی، گوادر میں پانی کے بحران کا مسئلہ حل

News Image

گوادر:جیوانی اور گوادر میں حالیہ ہفتوں کے دوران پانی کی شدید قلت کے پیش ِنظر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت فوری اور مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن کے نتیجے میں علاقے میں پانی کے بحران پر قابو پانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اکرہ اور سواد ڈیم کے خشک ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی تھی، جبکہ شادی کور ڈیم سے گوادر تک جانے والی پائپ لائن سے پانی چوری اور گوادر ڈی سیلینیشن پلانٹ کے غیر فعال ہونے سے بحران سنگین تر ہو گیا تھا۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے 29 ستمبر کو گوادر میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں فوری اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں گوادر کے لیے یومیہ 24 لاکھ گیلن اور جیوانی کے لیے 5 لاکھ گیلن پانی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا۔ شادی کور پائپ لائن سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ کیا گیا ہے جو اب یومیہ 12 لاکھ گیلن پانی فراہم کر رہی ہے، جبکہ غیر فعال ڈی سیلینیشن پلانٹ کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے تاکہ پانی کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی منظوری کے بعد میرانی ڈیم سے واٹر باؤزرز کے ذریعے پانی گوادر منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، اور ابتدائی طور پر سات واٹر باؤزرز کی آمد جلد متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سن اسٹار کنوؤں کے لیے پائپ لائن بچھانے کا کام بھی تکمیل کے قریب ہے، جو بحران کے مستقل حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔

ماہرینِ آب کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مستقبل میں اس طرح کے مسائل میں اضافے کا خدشہ موجود ہے، اس لیے پانی کے تحفظ اور نئے ڈیموں کی تعمیر کو قومی ترجیح بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے پانی کو ضائع ہونے سے روکنے اور مقامی سطح پر ذخیرہ اندوزی کے مؤثر نظام اپنانے کی سفارش کی۔

گوادر اور جیوانی کی عوام نے پانی کی فراہمی پر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کا ذریعہ بنیں گے۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ جلد ہی علاقے میں پانی کا بحران مکمل طور پر قابو میں آ جائے گا، اور مستقبل میں ایسے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک پائیدار نظام تشکیل دیا جائے گا۔

DATE . Oct/4/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top