
راولپنڈی:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول 2025 کے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب تعلیمی بورڈ آفس راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان نے کی۔ تقریب میں کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، سیکرٹری بورڈ امجد اقبال خٹک، والدین، اساتذہ اور بورڈ کے افسران و ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کا عملی ثبوت ہے جنہوں نے نہایت کم وقت میں طلبہ کے لیے جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کریڈٹ مریم نواز شریف کو جاتا ہے جن کی ہدایت پر پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔ طلبہ کی خوشی اور ان کے پیغامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ اپنی محنت کا حقیقی صلہ پا کر مسرور ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں بلکہ مستقل مزاجی، محنت، دیانت داری اور ایمانداری سے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے طلبہ پری انجینئرنگ، پری میڈیکل یا جنرل سائنس کے شعبے میں ہوں وہ لگن اور سنجیدگی سے اپنی تعلیم جاری رکھیں تاکہ مستقبل میں اپنے ادارے اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔
اس موقع پر سیکرٹری بورڈ امجد اقبال خٹک نے بھی خطاب کیا اور پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے والدین اور تقریب میں شریک تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور ان کے تعلیمی و عملی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
DATE . Oct/5/2025