
بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو 5 سال بعد پاسپورٹ واپس دے دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 ستمبر کو ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کیس کے سلسلے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کو ریا چکرورتی کی ضمانت میں مستقل نرمی برتنے کی ہدایت کے ساتھ ان کا پاسپورٹ بھی واپس کرنے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے اداکارہ کی جانب سے ضمانت کے حوالے سے ہر شرط پوری کیے جانے اور کارروائی میں مکمل تعاون برتنے کے بعد پاسپورٹ واپسی کا فیصلہ جاری کیا، پاسپورٹ واپسی کے بعد اب اداکارہ کو بیرون ملک سفر سے قبل اجازت درکار نہیں ہوگی۔
اداکارہ نے پاسپورٹ کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کی۔
اداکارہ نے لکھا کہ‘ گزشتہ 5 سال سے صبر ہی میرا واحد پاسپورٹ تھا، ان گنت لڑائیوں اور نہ ختم ہونے والی امید کے ساتھ میں اپنا پاسپورٹ ایک بار پھر حاصل کرسکی‘ ۔
واضح رہے کہ جون 2020 میں 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، اداکار کی موت کے بعد ریا چکرورتی کو منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ کا پاسپورٹ این سی بی کے پاس جمع کروانے کی شرط پر ان کی ضمانت منظور کی گئی تھی۔
جب سے اب تک ریا چکرورتی کو بیرون ملک سفر کے لیے ٹرائل کورٹ سے اجازت لینی پڑتی تھی تاہم اب ممبئی ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ریا کو ان کا پاسپورٹ واپس دے دیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق اب بھی ہر سفر سےقبل اور بعد میں اداکارہ کو حکام کو مطلع کرنا ضروری ہوگا، اپنی سفری تفصیلات اور رابطہ کی معلومات شیئر کرنا ہوں گی۔
DATE . Oct/6/2025