
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا نے میزبان بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔
جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے بھارت کا 252 رنز کا ہدف 7 گیندوں پہلے حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقی بیٹر نڈائن ڈی کلرک نے 54 گیندو ں پر 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
بھارت کی اننگز
وشاکا پٹنم میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شروعات تو اچھی کی ، اوپنرز نے 55 رنز کی بنیاد رکھی ،لیکن پھر جنوبی افریقا کی بولرز چھا گئیں ، ایک ایک کر کے وکٹیں گرائیں ، 102 رنز پر بھارت کی 6 بیٹرز پویلین پہنچ گئیں۔
اس مشکل میں بھارتی بیٹر رچا گوش نے اچھی بیٹنگ کی اور 77 گیندوں پر 94 رنز بنائے ، سنہے رانا نے 33رنز اسکور کیے ۔
تاہم بھارتی ٹیم 49.5 اوورز میں 251 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی ۔
جنوبی افریقا کی اننگز
252 رنز کے ہدف کےتعاقب میں جنوبی افریقا کی 2 وکٹیں 18رنز پر گر گئیں ، لیکن کپتان لورا ڈٹ گئیں۔
جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 57رن پر گری اور 81 کے اسکور پر آدھی ٹیم پویلین پہنچ گئی ، کپتان بھی 70رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
ایسے میں کلو ٹرایئون اور نڈائن ڈی کلرک نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی۔تاہم کلو ٹرایئون 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی ، لیکن نڈائن ڈی کلرک نے خوبصورت انداز میں میچ فنش کیا ۔ نڈائن ڈی کلرک 54 گیندو ں پر 84 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہیں۔
جنوبی افریقا نے 49 ویں اوور میں 3 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔
ایونٹ میں آج نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں گوہاٹی میں مد مقابل ہوں گی۔
DATE . Oct/11/2025


