وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ، جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

News Image

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مصر سے لوٹتے ہی سرکاری مصروفیات کاآغازہوگیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے دورہء مصر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔
اجلاس کے شرکاء نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کو سفارتی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔شرکاء نے کہا کہ غزہ امن سربراہی اجلاس کے دوران پاکستان کو ایک اہم مقام حاصل رہا ؛ آپ نے اپنی محنت سے پاکستان کو سفارتی سطح پر ایک انتہائی اہم مقام دلایا ہے ۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے سمیت جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے تمام ٹائم لائینز ہر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال ہو گا جہاں عوام کو بین الاقوامی معیار کی علاج معالجے کے سہولیات دستیاب ہوں گی ۔

اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کی تعمیر میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ میں بتایاگیاکہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور کنٹریکٹ کے حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ۔ منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لئے ماہرین کے انتخاب کے حوالے سے اشتہار جلد جاری کیا جائے گا۔

شرکاء کوبتایاگیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے چیف ایگزیکٹو افسر کی تعیناتی کے لئے وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے منصوبے کی جیو ٹیک اسٹڈی مکمل کی جاچکی ہے جبکہ ہائیڈرولوجی اور سیسمک اسٹڈیز نومبر میں مکمل کر لی جائیں گی ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے قومی صحت مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

DATE . Oct/15/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top