ایک مضبوط اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں ،مریم نواز شریف

News Image

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ دیہی خواتین کے حقوق کا دن منانے کا مقصد ان کی محنت، قربانی اور خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساسِ ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی زمین دیہی خواتین کی محنت سے لہلہاتی ہے، گھر آباد ہوتے ہیں اور صوبے کی معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ دیہی عورت صرف ایک محنت کش نہیں بلکہ صوبے کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ ان کی ریڈ لائن ہے۔

مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چاہتی ہیں دیہی خواتین صرف فارمر نہ رہیں بلکہ خود فیصلہ ساز اور معاشی قوت بنیں۔ ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے دیہی خواتین کے لیے نئے مواقع، آسان سہولیات اور ہنر مندی کے پروگرامز لانچ کیے ہیں۔ دیہی خواتین کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں۔ پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو دیہی خواتین کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاروبار کے لیے بلاسود قرضے، لیپ ٹاپ اور تعلیمی اسکالرشپس دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے دیہی خواتین کو ترقی کے دور میں شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ خود روزگار کے لیے مویشی بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ورچوئل پولیس اسٹیشن کا قیام ہر طبقے کی خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی عملی کوشش ہے۔

DATE . Oct/15/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top