
اسلام آباد:پاکستان نے خلائی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے اپنا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ یہ جدید سیٹلائٹ 19 اکتوبر کو لانچ کیا جائے گا، جو مختلف شعبوں میں تحقیق، ترقی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ثابت ہوگا۔
جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس یہ ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ معدنی وسائل کی تلاش، زراعت میں بہتری، ماحولیاتی تحقیق اور پانی کے ذخائر کے مؤثر استعمال میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس سیٹلائٹ کے ذریعے زمین کے نیچے چھپے قدرتی خزانوں تک رسائی بھی ممکن ہوگی، جو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک نیا سنگِ میل ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ پالیسی سازوں، سائنس دانوں اور محققین کو بروقت اور شواہد پر مبنی فیصلے کرنے میں مدد دے گا۔ اس کے ذریعے زمین کی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں، فصلوں کی صحت، ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی وسائل کے تحفظ پر بہتر نگاہ رکھی جا سکے گی۔
یہ پیشرفت نہ صرف پاکستان کے خلائی پروگرام کے بڑھتے ہوئے قدموں کی عکاس ہے بلکہ یہ ملک کی ٹیکنالوجی میں خودمختاری اور مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے عزم کی علامت بھی ہے۔
DATE . Oct/16/2025


