
ریاض:وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے سعودی عرب کے وزیرِ صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل سے ملاقات کی، جس میں صحت کے شعبے سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، مذہبی اور دیرینہ تعلقات ہیں، اور دونوں ملکوں کی عوام کے دل ایک دوسرے کے لیے دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں وزرائے صحت نے فارماسیوٹیکل کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں سعودی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اس شعبے میں تجربات کے تبادلے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
سعودی وزیرِ صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل نے مصطفیٰ کمال کی صحت کے شعبے میں جاری خدمات کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان شعبۂ صحت میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر آمادگی ظاہر کی۔
DATE . Oct/16/2025


