
اسلام آباد :نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت آج نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجموعی طور پر 380 ارب روپے سے زائد مالیت کے 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
منظور شدہ منصوبے زراعت، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم شعبوں پر مشتمل ہیں، جن کا اطلاق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار نے حکومت کے پائیدار اور جامع قومی ترقی کے عزم کو دوہرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی فلاح و بہبود اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، پنجاب کے سینئر وزیر، سندھ کے وزیر آبپاشی و خوراک، خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، وفاقی کابینہ و منصوبہ بندی کے سیکریٹریز، اور مالیات، توانائی سمیت متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
DATE . Oct/16/2025


