
لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے قومی ریسکیو چیلنج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 نے قابلِ قدر خدمات انجام دیں اور متاثرہ علاقوں میں انسانیت کی خدمت کی نئی مثال قائم کی۔
احسن اقبال نے بتایا کہ انہوں نے نارووال میں سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں کا خود مشاہدہ کیا، جہاں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 سیلاب زدگان کے لیے امید کی کرن بن کر ابھرا۔
انہوں نے ریسکیو میں خواتین کی شمولیت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اس لیے انہیں ہر میدان میں بھرپور مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ریسکیو 1122 میں شامل خواتین اہلکاروں نے سیلاب کے دوران اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا، جو قابلِ تعریف ہے۔
وفاقی وزیر نے پائیدار ترقی کے لیے پالیسیوں کے تسلسل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کی مضبوطی، تربیت اور مسلسل بہتری ہی ترقی کی ضامن ہے۔
DATE . Oct/20/2025


