
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ اور سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں انتشار اور بدامنی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی عمل داری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کاروبار میں آسانی کے لیے “ای بز” نظام کے اجرا ء پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری پر پنجاب کی عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیکر کو پنجاب سمبلی کے اُمور بہتر انداز میں چلانے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روش پر شاباش دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہر بڑا پراجیکٹ چھوٹے شہروں سے شروع کر رہے ہیں۔ پنجاب میں کاروبار کے بہترین مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں بلکہ پنجاب کے پسماندہ علاقے بھی بنائے جا رہے ہیں، جو صوبائی حکومت کی متوازن ترقی کی پالیسی کا مظہر ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
DATE . Oct/30/2025


