چین کویت کے ساتھ دیرینہ دوستی کو بے حد اہمیت دیتا ہے، چینی نائب صدر

چین دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے، ہان زینگ کی امیرِ کویت سے گفتگو

کویت سٹی ()چین کے نائب صدر ہان زینگ نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الصباح کی دعوت پر کویت کا سرکاری دورہ کیا۔پیر کے روز چینی میڈیا کے مطابق اس موقع پر انہوں نے امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح، ولی عہد شیخ صباح خالد الصباح اور وزیراعظم شیخ احمد ال عبداللہ الصباح سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
امیرِ کویت سے ملاقات کے دوران، ہان زینگ نے چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے خلوصِ دل کے ساتھ نیک تمناؤں اور گرم جوشی بھرے سلام کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ چین کویت کے ساتھ دیرینہ دوستی کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ چین اس بات پر آمادہ ہے کہ وہ سیاسی اعتماد میں اضافے، دونوں سربراہان مملکت کی جانب سے دستخط شدہ دوطرفہ تعاون کی دستاویزات پر عمل درآمد اور عملی پیش رفت کے حصول کے لیے کویت کے ساتھ قریبی شراکت داری میں کام کرے، تاکہ چین۔کویت اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرائی اور مضبوطی دی جا سکے۔
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے صدر شی جن پھنگ کے لیے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کویت خلیجی عرب ممالک میں سب سے پہلا ملک ہے جس نے عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت اور دور اندیشی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویت صدر شی جن پھنگ کے پیش کردہ چار گلوبل انیشی ایٹوز خصوصاً حالیہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو ،کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ کویت ایک چین پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے ۔
ولی عہد صباح خالد الصباح کے ساتھ بات چیت کے دوران ہان زینگ نے کہا کہ آئندہ سال چین اور کویت کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 55ویں سالگرہ منائی جائے گی، جو دوطرفہ تعاون کے فروغ کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے اس موقع کو دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد، سیاسی باہمی اعتماد میں اضافے، اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے فروغ کے لیے بروئے کار لانے کی خواہش ظاہر کی، تاکہ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
وزیراعظم شیخ احمد ال عبداللہ الصباح سے ملاقات کے دوران ہان زینگ نے کہا کہ چین اور کویت کے درمیان تعاون انتہائی تکمیلی اور وسیع امکانات کا حامل ہے۔ چین چاہتا ہے کہ دونوں ممالک باہمی مفاد اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر عملی تعاون کو مزید بہتر اور مؤثر بنائیں،تعاون کے موجودہ منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کریں اور چین۔کویت اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید اعلیٰ سطح تک لے جائیں۔

DATE . Nov/3/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top