
نیویارک: نیویارک شہر کے انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ وہ شہر کے پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر منتخب ہوئے ہیں۔
ظہران ممدانی نے آزاد امیدوار اینڈریو کومو کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ امریکی میڈیا کے مطابق 2001ء کے بعد نیویارک میں میئر کے انتخابات میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا، جہاں 17 لاکھ سے زائد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
جیت کے بعد اپنے خطاب میں ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے عوام نے ثابت کردیا کہ طاقت عوام کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیویارک میں تاریخ رقم کردی ہے، مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے، اور عوام نے تبدیلی کو ووٹ دیا ہے۔
ظہران ممدانی نے اعلان کیا کہ وہ یکم جنوری کو نیویارک کے میئر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوام کی محنت اور امید کا نتیجہ ہے۔ “ہم آپ کے لیے لڑیں گے، یہ شہر آپ کا ہے، جمہوریت بھی آپ کی ہے۔”
نومنتخب میئر نیویارک سٹی نے کہا کہ ہم لیڈرشپ کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں، ایک ہزار سے زائد رضاکاروں کے مہم میں حصہ لینے پر شکر گزار ہوں، مجھے خود کو ثابت کرنے کا موقع دینے کے لیے شکریہ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اس شہر کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، آج کے الیکشن نے ثابت کردیا کہ امید اب بھی زندہ ہے، آج خوف کی شکست اور امید کی جیت ہوئی ہے۔
DATE . Nov/5/2025


