
راولپنڈی :بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا جنوبی وزیرستان میں وانا کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں دو حملہ آور خارجی دہشت گرد موقع پر ہی جہنم واصل کر دیئے گئے جس کے بعد حملہ آوروں نے مایوس ہو کر بارود سے بھری گاڑی کیڈٹ کالج کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں مرکزی دروازہ اور اس سے ملحقہ عمارت کو نقصان پہنچا۔اس دوران تین خارجی دہشت گرد کالج کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیابی ہو گئے جنہیں سکیورٹی فورسز نے کالج کے انتظامی بلاک میں گھیر لیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ کالج کے احاطے میں چھپے ہوئے یہ خارجی دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے آقاؤں اور ہینڈلرز سے رابطے میں ہیں اور وہیں سے ہدایات حاصل کر رہے ہیں ۔پاکستان افغانستان میں موجود دہشت گردوں اور ان کی قیادت کے خلاف جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے یہ دہشت گرد ایک بار پھر 2014میں آرمی پبلک سکول پشاور میں کیے گئے وحشیانہ دہشت گردی کے عمل کو دہرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اس بربریت کا مقصد سابق قبائلی علاقوں کی نئی نسل کے دلوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے جو زندگی میں کامیاب ہونے اور اپنے بہتر مستقبل کے لیے اپنے گھر کے قریب ہی معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ بچے کھچے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں ۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ سکیورٹی فورسز مادر وطن سے بیرونی حمایت یافتہ ان دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
DATE . Nov/11/2025


