
راولپنڈی:پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 6 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔ میچزپی ٹی وی سپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے50اوورزمیں5وکٹوں کے نقصان پر299رنز بنائے۔صائم ایوب 6 اور فخر زمان 32رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔محمد رضوان نے 5 اور بابراعظم نے 29رنز سکور کئے۔4وکٹیں گرنے کے بعد سلمان علی آغا اور حسین طلعت نے 138رنز کی شراکت قائم کی۔حسین طلعت نے 1 چھکا اور 6چوکے لگاتے ہوئے 62رنز کی اننگز کھیلی۔سلمان علی آغا نے ون ڈے کیرئر کی دوسری سنچری بناتے ہوئے 105رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔انہوں نے 9چوکے لگائے۔محمد نواز 36رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کے’’ وانندو ۔ہسارنگا ‘‘نے 3وکٹیں حاصل کیں۔
300رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293رنز بنا سکی۔ اوپنر ’’پاتھوں نسانکا‘‘ اور ’’کامل مشارا‘‘ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے۔ پاتھوں نسانکا‘‘ نے 29 اور ’’کامل مشارا‘‘ نے 38رنز سکور کئے۔ ’’سمارا۔وکراما‘‘ نے 39 رنز بنائے۔ 210رنز پر سری لنکا کی 7وکٹیں گرنے کے بعد ’’ونیندو۔ہسارانگا‘‘ نے 59رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ بنا دیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ اور فہیم اشرف نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ سنچری سکور کرنے والے سلمان علی آغا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
DATE . Nov/12/2025


