جاپانی وزیر اعظم نے تائیوان کے بارے میں شدید اشتعال انگیز بیانات دیئے ہیں، وو جیانگ ہاؤ
بیجنگ () جاپان میں تعینات چین کے سفیر وو جیانگ ہاؤ نے جاپانی نائب وزیر خارجہ تاکی ہیرو فناکوشی سے ملاقات کی اور جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کے چین کے بارے میں غلط بیانات اور اقدامات کے خلاف سخت تحفظات کا اظہار کیا اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔
وو جیانگ ہاؤ نے کہا کہ جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے پارلیمانی بحث کے دوران تائیوان کے بارے میں شدید اشتعال انگیز بیانات دیئے ، جن میں طاقت کے استعمال کی دھمکیاں بھی تھیں۔ ان بیانات نے چین کے اندرونی معاملات میں زبردست مداخلت کی، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کی، جنگ کے بعد کے بین الاقوامی نظام کو بری طرح مجروح کیا، ایک چین کے اصول اور چین اور جاپان کے درمیان چار سیاسی دستاویزات کی روح کی سنگین خلاف ورزی کی، اور چین جاپان تعلقات کی سیاسی بنیاد کو شدید نقصان پہنچایا۔ چین اس پر سخت برہم ہے اور اسے برداشت نہیں کرے گا، اور اس پر شدید احتجاج کرتا ہے۔
وو جیانگ ہاؤ نے نشاندہی کی کہ تائیوان چین کا اٹوٹ حصہ ہے۔ تائیوان کے امور چین کے بنیادی مفادات کا مرکز ہیں۔ تائیوان کے امورکو کیسے حل کیا جائے اور قومی اتحاد کیسے حاصل کیا جائے یہ خود چینی عوام کا معاملہ ہے اور اس میں کسی بیرونی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔ چین بالآخر متحد ہو جائے گا اور یہ ناگزیر ہے۔ جاپان کی حکمران جماعت کا آبنائے تائیوان میں فوجی مداخلت کا شور چین کے بنیادی مفادات کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے۔اس طرح کے طرز عمل سے جاپان اپنے آپ کو چین کو تقسیم کرنے کی ایک ناکام مہم کا حصہ بنا رہا ہے، جو اسے غلط راستے پر گامزن کرے گا۔
ہم جاپان کو سختی سے متنبہ کرتے ہیں کہ اگر وہ آبنائے تائیوان کی صورت حال میں فوجی مداخلت کرنے کی جرات کرتا ہے، تو یہ جارحیت کی کارروائی ہوگی، اور چین یقینی طور پر زبردست جوابی کارروائی کرے گا! چین جاپان پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنی تاریخ پر گہرائی سے غور کرے، اپنے مذموم بیانات کو واپس لے اور اپنی اشتعال انگیز خلاف ورزیوں کو روکے، ورنہ جاپان کو تمام نتائج بھگتنا ہوں گے۔
DATE . Nov/15/2025



