کاپ 30 سائیڈ ایونٹ،وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کا کاربن کے اخراج میں کمی پر زور

News Image

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور گرین پاکستان پروگرام کے ذریعے بنجر زمینوں پر اربوں درخت لگا کر نئی زندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کاپ 30 کے موقع پر منعقدہ سائیڈ ایونٹ سے ویڈیو خطاب میں پاکستان کی شجرکاری، جنگلاتی بحالی اور ماحولیاتی نظام کی بحالی سے متعلق کامیابیوں کو اُجاگر کیا۔ یہ ایونٹ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عالمی موسمیاتی مباحثوں کا محور گرین ہاؤس گیسوں خصوصاً کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ہے، اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے قدرتی نظاموں کو فروغ دیا جائے جو بڑے پیمانے پر کاربن کو جذب کرسکیں۔ انہوں نے نیچر بیسڈ سولیوشنز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور آکسیجن پیدا کرنے کی اصل فیکٹری درخت ہے، اسی لیے جنگلات کا کردار قابلِ خراجِ تحسین ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جنگلات نہ صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کے لیے ضروری ہیں بلکہ موسمیاتی موافقت کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک بھر میں لاکھوں ایکڑ بے آباد زمینوں کو شجرکاری کے ذریعے دوبارہ آباد کیا گیا، جس سے مقامی برادریوں میں موسمیاتی آگاہی بڑھی اور انہیں جنگلات کے تحفظ میں فعال کردار کے قابل بنایا گیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنے بلکہ دنیا بھر کے جنگلات کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ موسمیاتی بقاء پوری انسانیت کا مشترکہ مشن ہے۔ تقریب میں وزارت کی تیار کردہ دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں شجرکاری، کمیونٹی شمولیت اور ماحول دوست اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔ ایونٹ میں ماہرینِ موسمیات، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان، ترقیاتی شراکت داروں اور عالمی ماحولیاتی حلقوں نے شرکت کی، جبکہ پینل ڈسکشن میں جنگلاتی بحالی اور موسمیاتی لچک پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

DATE . Nov/20/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top