
پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو فائنل میں شکست دےکر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیت لیا۔
مقررہ 20 اوورز میں مقابلہ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں میچ کا فیصلہ ہوا۔
دونوں ٹیموں نے 20، 20 اوور میں 125، 125 رنز بنائے تھے جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
سپر اوور میں بنگلا دیش کی ٹیم 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے سپر اوور میں 7 رنز کا ہدف چار گیندوں پر حاصل کرلیا۔
اس سے قبل دوحہ میں ہونے والے فائنل میں بنگلا دیش اے نے ٹاس جیت کر پاکسان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔
بیٹرز کے لیے مشکل وکٹ پر پاکستان شاہینز 20 اوور میں 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
سعد مسعود 38 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، عرفات منہاس نے 25 اور معاذ صداقت نے 23 رنز بنائے۔
بنگلا دیش اے کے رپون منڈل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان شاہینز کے بولرز نے بنگلا دیش اے کے بیٹرز کو بھی مشکل میں ڈالا۔
شاہین کے بولرز کی شاندار پرفارمنس کے بدولت بنگلا دیش اے اٹھارہویں اوور میں 96 رنز پر 9 وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی، پھر آخری دو اوورز میں اسے 27 رنز درکار تھے جب کہ پاکستان کو ایک وکٹ۔
19 ویں اوور میں شاہد عزیز نے بیس رنز دیے جس کے بعد بنگلا دیش پھر میچ میں واپس آیا لیکن احمد دانیال نے شاندار آخری اوور کرایا اور بنگلا دیش کا اسکور 125 تک ہی محدود رکھا۔
مقابلہ ٹائی ہونے پر فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
DATE . Nov/24/2025


