پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 257 ملین ڈالر کے ترقیاتی معاہدوں پر دستخط، پنجاب میں تعلیم و صحت کے بڑے پروگرامز کا آغاز

News Image

اسلام آباد: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 257 ملین ڈالر کے ترقیاتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ترجمان وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے دو اہم پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پنجاب کے لیے 107 ملین ڈالر مالیت کا ایس ٹی ای ایم ایجوکیشن پروگرام منظور کیا ہے، جس کے تحت جدید ایس ٹی ای ایم لیبز کا قیام اور اساتذہ کی تربیت کے ذریعے سیکنڈری ایجوکیشن میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔

پنجاب نرسنگ اور ہیلتھ ورکس فورس ریفارم پروگرام کے لیے 150 ملین ڈالر کی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں نرسنگ کے تین سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے جو صحت کے شعبے میں مہارت اور استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اے ڈی بی کی معاونت صوبے میں پائیدار سماجی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔ معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے دستخط کیے۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے بھی معاہدوں پر دستخط کیے۔

اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر کے مطابق دونوں پروگرام نتائج پر مبنی ہیں اور نظامی اصلاحات کے سلسلے کا اہم حصہ ہیں۔

DATE . Dec/12/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top