
اسلام آباد:وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے جمعہ کو پاکستان میں قطر کے سفیر علی الخاطر سے ملاقات کی جو ان کی دوحہ میں منعقدہ عالمی تعلیمی کانفرنس 12(ڈبلیو آئی ایس ای-12 )میں شرکت کے بعد قطر کے سفارتخانہ میں ہوئی۔
وزارت تعلیم کے مطابق وجیہہ قمر نے قطری وزیر مملکت برائے تعلیم و دیگر حکام کی جانب سے ملنے والی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور عالمی سطح پر تعلیم میں جدت، شمولیت اور مستقبل کے رجحانات پر ہونے والے اعلیٰ سطحی مکالمے میں شرکت کے موقع کو سراہا۔ ملاقات کے دوران وزیرِ مملکت نے سفیر علی الخاطر کو ڈبلیو آئی ایس ای-12 کے اہم نکات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان معیاری تعلیم، مہارتوں کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے لئے پرعزم ہے۔
دونوں ممالک نے تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت، تعلیمی تبادلوں اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا گیا اور مستقبل کی نسلوں کی بہتری کے لئے ادارہ جاتی اشتراک، علم کے تبادلے اور انسانی وسائل کی ترقی کے مشترکہ وژن پر زور دیا گیا۔
DATE . Dec/13/2025


