
شہید بینظیرآباد :عوامی مسائل کے عملی حل کے عزم کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شہید بینظیرآباد میں سڑکوں کی بحالی اور توسیعی منصوبے جاری ہیں۔ خاتونِ اوّل اور رکنِ قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے مہران ہائی وے باندھی سے ساٹھ میل، کرنل موری میں 3 چک روڈ اور باندھی سلطان موری روڈ سے چک 3 تک سڑک کی بحالی کے منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
منصوبوں کا بنیادی مقصد علاقائی رابطہ بہتر بنانا اور مقامی آبادی کی آمد و رفت کو سہل بنانا ہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر صوبائی ہائی وے شہید بینظیرآباد عاصم علی ابڑو نے خاتونِ اوّل کو منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بہتری پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن پسماندہ اور دیہی علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا تھا، جسے آج عملی شکل دی جا رہی ہے۔
خاتونِ اوّل نے کہا کہ سڑکیں نہ صرف سفر کو آسان بناتی ہیں بلکہ تعلیم، صحت اور مقامی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ ان منصوبوں سے بڑی تعداد میں عوام مستفید ہوں گے جبکہ کسانوں کو زرعی پیداوار منڈیوں تک پہنچانے میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
DATE . Dec/21/2025


