
سکھر میں ہونے والے عالمی میراتھون ریس میں غیر ملکیوں سمیت 3 ہزار ایتھلیٹس شریک ہیں۔
عالمی میراتھون ریس کا آئی بی اے پبلک اسکول سے آغاز ہوا، 42.195 کلو میٹر میراتھون میں اٹلی، کینیڈا اور برطانیہ سمیت 10 ممالک کے 28 جبکہ ملک بھر سے 3 ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔
میراتھون کا روٹ سکھر بیراج ، قومی شاہراہ ٹھیری، ببرلو سے ہوکر شاہ حسین سے واپسی ہے۔ میراتھون کے آغاز پر اسٹارٹنگ پوائنٹ پر پاکستان کا 100 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔
میراتھون سے پہلے سکھر پہنچنے والے بین الااقوامی اور قومی ایتھیلٹس کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی اور کھلاڑیوں نے ثقافتی گیتوں پر رقص بھی کیا۔
میراتھون جیتنے والے کو 15 لاکھ روپے کے نقد انعام سے نوازا جائے گا جبکہ میراتھون کے ٹاپ 20 ایتھلٹس کو بھی نقد انعامات دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ خواتین کی 10کلو میٹر کی میراتھون دوڑ بھی منعقد کرائی گئی، جس میں پہلی پوزیشن کینیا کی ایتھلیٹ موتوکو نے حاصل کی، کینیا کی خاتون رنر موتوکو نے 40 منٹ 25 سیکنڈ میں 10 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔
خواتین کی ڈور میں دوسرے نمبر پر جاپانی ایتھلیٹ یوکو رہیں، انہوں نے 40 منٹ 49 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کیا جبکہ تیسری پوزیشن سکھر کی ماہ نور نے حاصل کی اور فاصلہ 43 منٹ میں طے کیا۔
اس کے علاوہ صحافیوں، 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور عام شہریوں کیلئے الگ الگ 3 واک بھی کرائی گئیں۔
DATE . DEC/22/2025


