
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ہیڈکوارٹر اور ای وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے الیکٹروبس کے جدید ترین آٹومیٹک واشنگ پلانٹ کا بھی مشاہدہ کیا جہاں خودکار نظام کے تحت الیکٹروبس کی واشنگ اور ڈرائنگ کی جاتی ہے جبکہ ری سائیکلنگ کے ذریعے پانی کو دوبارہ استعمال میں لایا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے الیکٹروبسوں کے لیے جدید ترین چارجنگ اسٹیشن کا معائنہ بھی کیا، جہاں یوٹونگ کمپنی کے 160 کلوواٹ کے جدید چارجنگ اسٹیشن کے ذریعے صرف 105 منٹ میں الیکٹرک بس مکمل چارج کی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے گرین الیکٹروبس کے لیے نئے روٹس دریافت کرنے، الیکٹروبس چارجنگ سسٹم کو جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور مسافروں کی تعداد کے پیش نظر مزید بہتر انتظامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے 1500 نئی بسوں کے لیے واضح ٹائم لائن طلب کی اور گرین بس پراجیکٹ کے کاربن کریڈٹس کلیم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل افراد کی معاونت کرنے والے الیکٹروبس عملے کا جذبہ قابلِ تحسین ہے، گرین بس کی لانچنگ سے پنجاب میں رائیڈر شپ کے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں اور فیصل آباد و گوجرانوالہ میں جلد از جلد میٹرو بس سروس پراجیکٹ شروع کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر مسافروں کو انتظار کرنا پڑتا ہے، اس لیے مزید بسیں بڑھائی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ الیکٹروبس کے ذریعے عوام کو آرام دہ، محفوظ اور جدید سفری سہولت میسر ہے جبکہ حکومت پنجاب عوام بالخصوص بچوں اور خواتین کی سہولت اور تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ ٹریول سسٹم عوام کو آسان اور تیز سفری سہولت فراہم کر رہا ہے اور الیکٹرک بسیں فضائی آلودگی اور اسموگ میں کمی کا باعث بن رہی ہیں۔
اس موقع پر سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں ایک کروڑ 55 لاکھ سے زائد مسافر الیکٹروبس پر سفر کر چکے ہیں، 38 لاکھ خواتین اور 15 لاکھ سے زائد طلبہ مفت سفر سے مستفید ہوئے ہیں جبکہ تقریباً ساڑھے سات لاکھ بزرگ اور تین لاکھ سپیشل افراد بھی مفت سفر کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر الیکٹروبس میں چھ کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی کی جاتی ہے اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ہر ڈرائیور کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ پنجاب بھر میں 80 لاکھ سے زائد افراد کو ٹی کیش کارڈ جاری ہو چکے ہیں جس کے ذریعے کیش لیس اور پیپر لیس سفر ممکن بنایا جا رہا ہے اور ایک ہی اسمارٹ کارڈ سے مختلف پبلک ٹرانسپورٹ سروسز پر سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے (ایم پاور ہر)”EMPOWER HER” پراجیکٹ پر عملدرآمد کر رہی ہے، ای بس اسٹیشنز پر بیوہ اور مطلقہ خواتین کے لیے خصوصی ٹک شاپس قائم کی گئی ہیں اور خواتین کے لیے محفوظ، باوقار اور خود کفیل کاروباری مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ لاہور میں اب تک 10 خواتین کو نئے بس اسٹاپس پر ٹک شاپس فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے بسوں کی بروقت آمد و رفت اور ریئل ٹائم ڈیٹا کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
DATE . Feb/3/2026


