اسلام آباد/لاہور: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کارروائی میں فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
DATE.Mar/16/2026



