شکیب الحسن کی حسینہ واجد کی ورچوئل تقریب میں شرکت پر مشتعل افراد نے سابق کپتان کے گھر پرحملہ کردیا

شکیب الحسن کی حسینہ واجد کی ورچوئل تقریب میں شرکت پر مشتعل افراد نے سابق کپتان کے گھر پرحملہ کردیا
فوٹو: بنگلادیشی میڈیا

بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن کے گھر پر مشتعل افراد نے پیٹرول بموں سے حملہ کیا  اور کھڑکیاں توڑ دیں۔

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جانب سے 2024 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد گزشہ روز پہلی بار میڈیا سے ورچوئل گفتگو کی  گئی جس میں شکیب الحسن بھی موجود تھے، اپنی گفتگو میں شیخ حسینہ نے دسمبر میں وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔

پولیس کے مطابق بدھ کے روز دارالحکومت ڈھاکا سے تقریباً 170 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں واقع قصبے مگورا میں مشتعل افراد کے ایک گروپ نے شکیب الحسن کے آبائی گھر پر حملہ کیا جس کے باعث رہائش گاہ کی اوپری منزل پر آگ لگ گئی۔ 

حکام کے مطابق حملے کے وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

یہ حملہ اس وقت ہوا جب عوامی لیگ کے سابق رکنِ پارلیمنٹ شکیب الحسن نے چند گھنٹے قبل نئی دہلی میں ‘فارن کورسپانڈنٹس کلب آف ساؤتھ ایشیا’ کے زیرِ اہتمام ایک ورچوئل تقریب میں شرکت کی تھی جس میں شیخ حسینہ نے میڈیا نمائندوں سے بات کی تھی، شکیب الحسن نے بھی اس تقریب میں آن لائن شرکت کی تھی۔ 

حسینہ واجد حکومت کی بے دخلی کے دو سال مکل ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی یہ تقریب 2024 میں بنگلادیش سے فرار ہونے کے بعد ان کی میڈیا کے ساتھ پہلی عوامی بات چیت تھی۔ 

دوسری جانب بنگلادیش کی وزارتِ خارجہ نے شیخ حسینہ کی میڈیا سے بات چیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بنگلادیش کی خودمختاری کی توہین قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ انہیں بھارت سے میڈیا سے خطاب کرنے کی اجازت دینے سے دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

DATE . 6/ Aug/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top