جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعظم

News Image

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کو ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات کی فراہمی کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت،زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی انتہائی شفاف انداز میں کی گئی ہے، چین اور پاکستان کی دوستی منفرد ہے،دوستی کی ایک اہم جھلک یہ جدید ٹیکنالوجی ہے، نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر آئی ٹی شعبے میں ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ’فائیو-جی‘سپیکٹرم کے لائسنسوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وفاقی وزراءاور آئی ٹی کے شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے فائیو جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ اور ان کی پوری ٹیم اور اور لائسنس حاصل کرنے والے ٹیلی کام آپریٹرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے، ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں عوام کو ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے،فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کی انتہائی شفاف انداز میں نیلامی کی گئی ہے،اس سے پہلے پی آئی اے کی بھی شفافیت کے ساتھ نجکاری کی گئی ۔قانونی چیلنجوں کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ زونگ اور دیگر شراکت دار ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو بھی سراہتے ہیں،امید ہے کہ وہ ملک کے کونے کونے میں اس ٹیکنالوجی کو عوام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی منفرد ہے اور دوستی کی ایک اہم جھلک یہ جدید ٹیکنالوجی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اے آئی سمیت جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر آئی ٹی شعبے میں ملک کا نام روشن کریں گے۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک سے ممکن ہوئی ہے، پاکستان میں پہلی مرتبہ فائیو جی سروس متعارف کرائی گئی ہے، شہریوں کو بہترین فور جی سروسز فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے چند ماہ میں مجموعی طور پر انٹرنیٹ کا معیار بہتر ہوگا،فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل(ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں موبائل فون ٹیکنالوجی کی ترقی کا آغاز 90ء کی دہائی کے اوائل میں ہوا، 2004ء سے 2025ء تک سپیکٹرم کے حوالے سے چار نیلامیاں کی گئی ہیں،سپیکٹرم کی شفاف انداز میں نیلامی ہوئی اور لائسنس کا اجراء کیا گیا ہے،پاکستان خطے میں سپیکٹرم کی استعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

تقریب میں ٹیلی کام اتھارٹی اور ٹیلی کام آپریٹرز جاز،یوفون اور زونگ کے درمیان فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کے لئے پر دستخط کیے گئے۔لائسنس کے اجراء کے بعد تینوں کمپنیاں ملک میں باقاعدہ طور پر 5 جی سروسز کا آغاز کر سکیں گی جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی اور ڈیجیٹل سروسز، کاروبار اور آن لائن معیشت کو فروغ ملے گا۔

DATE . Mar/20/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top