
اسلام آباد:خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں توانائی کی پیداوار بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی معاونت اور ہم آہنگی سے توانائی کے شعبے میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) ملک میں یومیہ پیداوار میں اضافے کے لیے غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدوں کے ساتھ جدید تکنیکی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے کنڑ اور پاساکھی آئل فیلڈز میں جدید واٹر انجیکشن سسٹمز کی تنصیب کے لیے فرانسیسی کمپنی SNF S.A. کے ساتھ اہم معاہدہ کیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت فیلڈز کی مجموعی پیداوار میں 9 ملین بیرل تیل اور 3 بلین کیوبک فٹ گیس کا اضافہ متوقع ہے، جس سے 460 ملین ڈالر آمدنی کی توقع کی جا رہی ہے۔او جی ڈی سی ایل نے جدید تکنیکی اقدامات کے ذریعے خام تیل کی پیداوار 750 بیرل تک پہنچا دی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد پرانی فیلڈز کی اضافی استعداد کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ہے۔
توانائی کی پیداوار میں یہ اضافہ خود انحصاری، قومی خود کفالت اور معاشی استحکام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر رہنمائی کے باعث توانائی کے شعبے میں یہ پیش رفت ملکی ترقی کے لیے مثبت اور حوصلہ افزا قرار دی جا رہی ہے۔
DATE . Feb/19/2026


