“چائنا پلس” کے نئے رجحانات چین کی کشش کا راز ہے

بیجنگ ()
حال ہی میں سوشل میڈیا پر “چائنا ہال” (China Haul) کے عنوان سے ویڈیوز تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں، جن میں غیر ملکی سیاح چین سے خریدی گئی اشیاء کی نمائش اور اَن باکسنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایک بڑے بین الاقوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان ویڈیوز کو مجموعی طور پر 11 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
“چائنا ٹریول”سے لے کر “چائنا کول” تک اور “چائنا میکسنگ”سے ہوتے ہوئے “چائنا ہال” تک، جیسے جیسے ” چائنا پلس” سے وابستہ ان نئے رجحانات کا سلسلہ تبدیل ہو رہا ہے اس کے ساتھ ہی غیر ملکیوں کی چین میں دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے اور چین میں غیر ملکی سیاحت ایک نئے ” سنہری دور” میں داخل ہو رہی ہے۔
رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں چین آنے والے غیر ملکیوں کے ٹرپس کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15.6 فیصد زیادہ ہے۔ ثقافتی سرگرمیوں، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی و پیداواری مراکز کے دورے غیر ملکی سیاحوں کے لیے نئے تجربات بن رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کا کہنا ہے کہ ” چین واقعی دیکھنے کے قابل ہے”،” چینی طرزِ زندگی کا تجربہ کرنے اور چینی برانڈز کی مصنوعات خریدنے کے قابل ہیں”۔
چین کی وزارتِ تجارت کے انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل سروسز ٹریڈ کے ڈائریکٹر لی جون کے مطابق، ایک وقت تھا جب چینی شہری بیرونِ ملک سے آن لائن خریداری کرتے تھے، جبکہ اب غیر ملکی چین آ کر خریداری کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، یہ تبدیلی چین کی ثقافتی کشش، سائنس و ٹیکنالوجی میں جدت اور بین الاقوامی اثر و رسوخ میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کھلے پن کے فروغ کے ساتھ چین کو عالمی برادری کی جانب سے مزید پذیرائی مل رہی ہے۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گلوریا گویرا نے پیش گوئی کی ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو چین 2030 سے پہلے دنیا کی سب سے بڑی سیاحتی معیشت بن سکتا ہے۔

DATE . 4/Nov/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top