
پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کے بڑھتے وزن پر ہونے والی تنقید پر اداکارہ کے حق میں سامنے آگئے۔
کترینہ کیف اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد سے نہ صرف فلموں سے دور ہیں بلکہ ان کے وزن میں بھی تیزی سے اضافہ ہو اہے۔
حال ہی میں کترینہ کیف کو ان کے شوہر اداکار وکی کے ساتھ ایک تقریب میں دیکھا گیا جہاں اداکارہ نے ہرے رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا تاہم اس بار وہ خبروں کی زینت اپنے فیشن اور اسٹائل کی وجہ سے نہیں بلکہ موٹاپے کی وجہ سے بنیں۔
اداکارہ کے بڑھتے وزن پر سوشل میڈیا صارفین تبصرے کررہے ہیں اور ان کی ماضی کی تصاویر بھی شیئر کی جارہی ہیں۔
تاہم علی ظفر نے کترینہ پر تنقید کا جواب سوشل میڈیا پر دیا اور کہا کہ ایک مرد ہونے کی حیثیت سے ہمیں اپنے اندر جھانک کر خود کو صحیح کرنے کی ضرورت ہے، ہم سب نے زندگی میں بیوقوفیاں کی ہیں جنہیں صحیح کرنے کی گنجائش ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مردوں نے عورت کے جسم اور اس کی ظاہری خوبصورتی کو لے کر ایک سوچ بنائی ہوئی ہے جو غلط ہے لیکن ہمیں نہیں پتا کوئی اپنی زندگی میں کس چیز سے گزر رہا ہے اس لیے لوگوں کے ساتھ اچھا رہیں، چھوٹی سی زندگی ہے دوسروں کو اپنی زندگی میں خوش رہنے دو، آپ اپنی زندگی جیو۔
DATE . 18/Sep/2026
