
کراچی: کینیڈا سے پاکستان منتقل ہونے والے معمر میاں بیوی کو نارتھ کراچی ناگن چورنگی کے قریب گھر میں مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔
نارتھ کراچی ناگن چورنگی کے قریب گھر سے بزرگ میاں بیوی کی لاشیں ملیں ، دونوں ایک ماہ قبل کینیڈا سے اپنا گھر فروخت کرنے یہاں آئے تھے اور تزئین و آرائش جاری تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شوہر کی شناخت 70 سالہ محمد یامین ولد خدا بخش اور اہلیہ کی شناخت 65 سالہ نفیس اختر کے نام سے کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق لاشیں 10 سے 15 گھنٹے پرانی لگ رہی ہیں۔ دونوں میاں بیوی کے جسم پر تیز دھار آلے کے وار کا کوئی نشان نہیں پایا گیا جبکہ ڈکیتی کے بھی کوئی آثار نہیں ملے ، فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا جس نے موقع پر پہنچ کر دستیاب شواہد حاصل کیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں ابتدائی معائنے میں دونوں میاں بیوی کے ناک اور کان سے خون بہنے کے شواہد سامنے آئے اور شبہ ہے کہ زیادہ خون بہنے سے ان کی موت واقع ہوئی ، جبکہ یہ بھی شک ہے کہ دونوں میاں بیوی کو کوئی زہریلی چیز کھلائی یا پلائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گھر میں مرمتی کام کی وجہ سے کچھ مزدوروں کا بھی آنا جانا بتایا گیا ہے ، دونوں میاں بیوی کو منگل کی شام تک گھر کے باہر بھی دیکھا گیا تھا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ گھر ایک رشتے دار کو کرائے پر دیا ہوا تھا اور گزشتہ ماہ اس سے خالی کرالیا گیا تھا۔ پولیس رشتے داروں اور مزدوروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہی ہے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے ۔
DATE . 15/Oct/2026
